بھٹکل:29؍مارچ (ایس اؤ نیوز) بھٹکل انجمن بائز ہائی اسکول کے سالانہ جلسہ کے موقع پر امسال اسکول کا سب سے باوقار وقارِ انجمن کا گولڈ میڈل ایوارڈ محمد سعد ابن الطاف مدھول کو حاصل ہوا، جبکہ محمد فارض ابن محمد جعفر اکرمی کو وقارِ انجمن کے سلور میڈل سے نوازا گیا۔
پیر 29 مارچ کو منعقدہ سالانہ گیدرنگ کے موقع پر دونوں طلبہ کو ایوارڈ سے نواز گیا۔ مہمان ِ خصوصی کےطورپر تنظیم جمعہ مسجد کے خطیب مولانا محمد انصار خطیب مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کوعلم کی بنیاد پرفرشتوں پر فوقیت عطا کی ۔ حضرت داؤد علیہ السلام کو علم کی بنیاد پر سرداری عطا کی گئی۔ طلبا جان لیں کہ علم ہی وہ چیز ہے جو انہیں دنیا و آخرت میں بہتر مقام اور کامیابی عطاکرتاہے۔ اس اعتبار سے انجمن کے طلبا خوش نصیب ہیں کہ وہ ایک دین اسلام کی بنیاد پر قائم ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ طلبا اس وقت جس مرحلے سے گزر رہےہیں وہ بہت اہمیت رکھتاہے۔ اگر یہاں ہم اچھے بننے کی کوشش کریں تو زندگی کامیابی کی راہ پر گامزن ہوگی ورنہ زندگی میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا
مولانا نے طلبہ کو شیطان کے مکر وفریب سے بچنے کےلئے اپنے اندر ایمانی قوت کو پیدا کرنے کی ہدایت دی اور علم کے مطابق عمل کرنے کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی ، مولانا نے کہا کہ ایک مومن سطحی علم پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ وہ اپنے میدان کا ماہر بننے کی کوشش کرتاہے۔ مولانا نے طلبا کو امت ِ داعی کا حصہ قرار دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرکے ملک و ملت کےسپا ہی بننے کی اپیل کی۔ انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی ذمہ داری بھی کچھ کم نہیں ہے ، حدیث کا مفہوم بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کے لئے والدین کا بہترین تحفہ علم وادب ہے۔ اگر اولاد بگڑتی ہے تو اس کا ایک سبب بھی والدین ہوتےہیں اس تعلق سے ہمیں غور کرنےکی ضرورت ہے۔
انجمن ہائی اسکول کے متعلم محمد ابوبکر صدیق رکن الدین کی تلاوت قرآن سے جلسے کا آغازہوا۔ محمد محتشم نے ہدیہ نعت اورمحمد اکرم اور ان کے ساتھیوں نے ترانہ ٔ انجمن پیش کیا۔ استاد گرامی مولوی عبدالحفیظ مفتاحی نے مہمانوں کا استقبال کیا ، انجمن ہائی اسکول کے صدر مدرس عبداللہ عمر رکن الدین نے ہائی اسکول کے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ متعلم محمد علوان موٹیا نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ استاد گرامی مولانا محمد ثانی اکرمی نے شکریہ کلمات ادا کئے۔انجمن کے صدر ایڈوکیٹ محمد مزمل قاضیا نے صدارت کی۔ڈائس پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر صادق پلور، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔